اسلام آباد (ایجنسیاں) رہنماء استحکام پاکستان پارٹی عون چوہدری نے کہاہے کہ عمران خان کا بشریٰ بی بی کو نکاح سے پہلے نہ دیکھنے کا دعویٰ صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے‘عمران کے پول کھولے تو شرم سے سرچھپانے کی جگہ نہیں ملے گی جبکہ مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اورچیف آرگنائزر مریم نواز نے عمران خان کا نام لئے بغیر کہا ہے کہ پہلے کہتا تھا کہ 9مئی کے حملے میں نے نہیں، میرے کارکنان نے کیے تھے۔ آج کہتا ہے 9مئی نواز شریف نے کرایا تھا۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ یعنی 9مئی کو تحریک انصاف کے لیڈران اور کارکنان نواز شریف سے ہدایات لے رہے تھے۔ واہ جی واہ ۔علا وہ ازیں عون چوہدری نے کہا کہ عمران خان بشریٰ بی بی کو ایک بار نہیں کئی بار نکاح سے پہلے ملے اور گھنٹوں ملاقات کرتے رہے، عمران خان بشریٰ بی بی سے نکاح سے پہلے درجنوں بار ملے اور دیکھا بھی تھا۔ انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی قران پرحلف دیں کہ انہوں نے عمران خان کو نکاح سے پہلے چہرہ نہیں دکھایا، میں خود عمران خان کو ملاقات کیلئے لے کر جاتا رہا، سابق تعلق کا لحاظ رکھ رہاہوں ورنہ ایسے راز کھولوں کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا گند دنیا کے سامنے آجائے۔انہوںنے کہاکہ بیرسٹر گوہرعلی کی بطور چیئرمین پی ٹی آئی نامزدگی بھی ان کے اندر کے خوف کی عکاس ہے، وہ پارٹی کے کسی اہل شخص کوپارٹی میں مقام دینا ہی نہیں چاہتے۔