• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عام انتخابات، نون لیگ امیدواروں کی نامزدگی میں پہل کریگی

اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان مسلم لیگ ملک میں آئندہ عام انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی نامزدگی میں پہل کرے گی لیکن جلد بازی میں کوئی اعلان نہیں کرے گی۔ امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل رواں ماہ کی 19 تاریخ سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ ٹکٹوں کے اجراء سے متعلق حتمی فیصلہ پارٹی سپریمو نواز شریف کریں گے جو دن بھر پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کریں گےاور جس دن وہ دستیاب نہیں ہوں گے تو بورڈ کا کوئی اجلاس نہیں ہوگا۔ اعلان پارٹی صدر شہباز شریف کی مشاورت سے کیا جائے گا اور ٹکٹ ان کے دستخطوں سے دیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ ذرائع نے منگل کی شام دی نیوز کو بتایا کہ جلسوں کی شکل میں بھرپور انتخابی مہم، امیدواروں کی نامزدگی، محدود اجتماعات اور آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی منشور کا اجراء انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے فوراً بعد کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اس ماہ کے تیسرے ہفتے کے اوائل میں انتخابی شیڈول کا اعلان کرے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ سینیٹر پروفیسر عرفان صدیقی کی سربراہی میں 40 رکنی منشور کمیٹی نے عام انتخابات کے لیے مجوزہ منشور کی تنظیم کی ہے بلکہ نواز شریف نے اسے اس کے باقاعدہ آغاز سے قبل عام آدمی اور تنظیم کے نچلے طبقے کے پارٹی ورکرز سے رائے لینے کا کہا ہے۔ ایک دو دن میں ان کی رائے لی جائے گی۔ پنجاب کے بعض حلقوں میں ابتدائی دنوں میں ن لیگ کے ٹکٹ کے حصول کے لیے سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید