لاہور(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور (ق) لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سیاسی میدان میں ایک ہوگئے، دونوں جماعتوں نے ملکر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، 15 سال بعد ن لیگ کے قائد سربراہ ق لیگ کے گھر پہنچ گئے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہوگیا، (ن) لیگ طارق بشیر چیمہ کے مقابلے میں امیدوار کھڑا نہیں کریگی، چکوال سے سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری سالک کی سیٹ پر بھی ایڈجسٹمنٹ ہوگئی، ملاقات ڈیڑھ گھنٹے جاری رہی، دونوں جماعتیں قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی کی 3 نشستوں پر مشترکہ امیدوار نامزد کریں گی،ذرائع کے مطابق لیگ پارٹی نے اجلاس جلد بلانے کا فیصلہ کیا ہے،یہ دونوں کے درمیان رسمی ملاقات تھی، نوازشریف نے چوہدری شجاعت کی صحت سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہمیں ن لیگ کو زیادہ اسپیس دینا چاہیے،ہم مل جل کر پنجاب میں پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی اور آئی پی پی کا مقابلہ کر سکتے نواز شریف کاکہنا تھا آپ نے مشکل وقت میں ساتھ دیا یہ بھول نہیں سکتا،ذرائع کے مطابق نواز شریف نے چوہدری شجاعت کی تجاویز و مطالبات پر فوری ردعمل دینے سے گریز کیا اور سارے معاملات پر دونوں جماعتوںکی مشترکہ کمیٹی بنانے کی تجویزدی ۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف بدھ کے روز تقریباً 15سال بعد چوہدری شجاعت سے ملنے انکی رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک ملاقا ت جا ریرہی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ شہباز شریف، مریم نواز ، رانا ثنااللہ، ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑ موجود تھے جب کہ چوہدری شجاعت حسین کی طرف سے ملاقات میں چوہدری سالک حسین، چوہدری شافع حسین ، چوہدری وجاہت اور طارق بشیر چیمہ شریک ہوئے۔نواز شریف اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ملاقات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور آئندہ انتخابات سے متعلق مشاورت کی گئی جبکہ اس دوران چوہدری شجاعت نے مطالبہ کیا کہ جن سیٹوں سے ہمارے لوگ جیتے تھے نہ صرف وہ ہمیں دی جائیں بلکہ گجرات، سیالکوٹ، منڈی بہاؤ الدین اور حافظ آباد میں بھی سیٹیں دی جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ (ن) لیگ اور (ق) لیگ کے درمیان پنجاب اسمبلی کی تین اور قومی اسمبلی کی 2 نشستوں پر مشاورت مکمل ہوچکی ہے، (ن) لیگ طارق بشیر چیمہ کے مقابلے میں کوئی امیدوار کھڑا نہیں کریگی۔ذرائع کے مطابق چکوال سے سابق رکن قومی اسمبلی رہنے والے چوہدری سالک کی سیٹ پر بھی ایڈجسٹمنٹ ہوچکی ہے جبکہ چوہدری شافع گجرات سے الیکشن لڑینگے تاہم ملاقات میں موجود چوہدری وجاہت کے بیٹے اور سابق رکن قومی اسمبلی حسین الٰہی کی سیٹ پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی، دونوں طرف سے اس پر بعد میں مشاورت پر اتفاق کیا گیا ہے۔