لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ صرف حکومت ہی نہیں لینگے، 2017 کے جعلی مقدموں کا احتساب بھی چاہتے ہیں، کیا کوئی جھوٹے مقدمے بنانے والوں سے پوچھے گا؟ ناانصافی اور ظلم پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی چاہتے ہیں، چور چور کہنے والا خود سب سے بڑا چور ہے، آج خود کہاں ہے، ،190ملین پاؤنڈز سب سے بڑا ملکی اسکینڈل ہے،یہ فیصلہ ہونا چاہیے کہ غریب کو کس نے بھوکا مارا،جنرل فیض حمید نے جسٹس شوکت صدیقی سے کہا نواز شریف اور مریم نواز کو جیل سے باہر آنے دیا تو ہماری 2سالہ محنت ضائع ہوجائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، چیف آرگنائزر مریم نواز، احسن اقبال ، رانا ثنا اللہ خان ،اقبال ظفر جھگڑا ،مریم اورنگزیب ، رانا تنویر حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔نواز شریف نے مزید کہا کہ ایسے کھلنڈرے کو لایا گیا جسے ملک، معیشت اور عالمی تعلقات کا کچھ پتہ نہیں تھا،صرف زبانی کلامی ریاست مدینہ کی باتیں کیں ،مدینہ کی ریاست کیا سکھاتی ہے اسکا علم ہی نہیں ۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی بد نصیبی کالفظ استعمال نہیں کرنا چاہتا لیکن ہماری تاریخ ایسی رہی ہے 75سال سے بہت سارے لوگوں کو تکالیف آئیں ،انہیں بھی مصیبتیں برداشت کرنا پڑیں ، کئی یہ مصیبتیں برداشت کر کے گزر گئے اور کئی اب بھی موجود ہیں ۔اسکے باوجود ہم نے صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا ، اب بھی ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کو مصیبتوں سے ،گرداب سے باہر نکالاجائے او ترقی کی راہ پر دوبارہ ڈالا جائے ۔نواز شریف نے کہا کہ ہمارے ملک کی بد نصیبی ہے یہاں طرح طرح کے کھیل کھیلے جاتے رہے ہیں ، زیادہ دور نہ جائیں حال ہی میں ایک کھلنڈرا ملک میں آ گیا یا لایا گیا جس کو پاکستان کا ،ملک کا پتہ ہی نہیں ،معیشت کا ،عالمی تعلقات کا پتہ ہی نہیں،معاشرے کی خبر نہیں ، اچھا معاشرہ کس کو کہتے ہیں اس کی خبر نہیں، صرف زبانی کلامی ریاست مدینہ ریاست مدینہ کی باتیں کیں حالانکہ اسے اسکی کچھ خبر ہی نہیں،مدینہ کی ریاست کیا سکھاتی ہے اسکا علم ہی نہیں ،دور دور تک اسکا اندازہ نہیں ، صرف اپنی سیاست کو چمکانے کیلئے دوسروں کو نیچا دکھانے کیلئے ریاست مدینہ کا راگ الاپا جاتا رہا ، اب لوگ انکے سارے قصے اور کہانیاں سن رہے ہیں ،اگر یہ قصے اور کہانیاں تھیں تو پھر خاموش رہتے چپ رہتے ریاست مدینہ کا نام تو نہ لیتے،یہ سوچنے والی باتیں ہیں ،جب کبھی سوچتا ہوں تو یہ باتیں کرنا پڑتی ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ میرے خیال میں 190ملین پاؤنڈ سے بڑا ملک میں کوئی اسکینڈل نہیں آیا ،اسے آپ ڈاکہ کہہ لیں ، اسکا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ بند لفاہ لہرا کر کہہ رہے ہیں اس پر دستخط کر دیں اسکی منظوری دیدیں،بھئی لفافہ کھول کر تو دکھاؤ اس میں ہے کیا ، آنکھوں پرپٹی باندھ کر کابینہ سے منظوری لے رہے ہیں۔