• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز، پریکٹس میچ کیلئے سلو وکٹ، حفیظ انتظامات پر برس پڑے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) عام طور پر پاکستانی کوچز بیرون ملک انتظامات پر لب کشائی سے گریز کرتے ہیں لیکن محمد حفیظ نے پہلے ٹیسٹ سے قبل آسٹریلیا کے انتظامات کی قلعی کھول دی اور آسٹریلوی بورڈ پر باؤنسر برسا دیے۔ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ کینبرا میں چار روزہ میچ کے انتظامات دیکھ کر حیرانی اور مایوسی ہوئی، پچ بہت سلو تھی جس پر ابتک ہم آسٹریلیا میں کھیلے ہیں، ہوسکتا ہے کہ یہ ان کی حکمت عملی ہو، تاہم ٹیسٹ سیریز کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ پاکستان کی یہ ٹیم اس فارمیٹ میں سیٹ ہوچکی ہے ۔ حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ یہ ٹیم چیلنج قبول کرنے کیلئے پرجوش ہے ، آسٹریلیا میں اچھا کھیلنا بہت اچھا ہوگا۔ وہ منگل کو پرتھ میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چار روزہ میچ میں کئی پہلوؤں پر غور کیا، ہمیں اب تک یہاں سب سے سلو پچ ملی ہے، بحیثیت ٹیم ہم تیاریوں سے بہت خوش ہیں۔ ہم آسٹریلیا کو ہرانے آئے ہیں، یہ ایک ٹیلنٹڈ ٹیم ہے، کھلاڑی پرفارم کرنے کیلئے بے تاب ہیں، ابرار احمد کے علاوہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں۔ ابرار احمد پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ ان کا ری ہبلیٹیشن جاری ہے اور امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ تک فٹ ہوجائیں گے۔ محمد حفیظ نے کہا کہ نیتھن لائن ایک بڑے بولر ہیں۔ انہوں نے اپنے ملک کے لیے ٹیسٹ جیتے ہیں لیکن ہم عام طور پر آف اسپنر کو اچھا کھیلتے ہیں اور آخری کی چند سیریز میں ہم نے ان کے خلاف زیادہ رنز کیے ہیں اور مجھے امید ہے کہ اس سیریز میں بھی ان کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ حفیظ نے مزید کہا کہ رضوان اور سرفراز احمد کو ایک ساتھ کھلانے کا آپشن موجود ہے، محمد رضوان ایک مکمل بیٹر ہیں، فیلڈر بھی بہت اچھے ہیں، ہم نے ابھی کچھ فائنل نہیں کیا، شان مسعود میں بہترین کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ قائدانہ صلاحیتیں بھی ہیں، وہ شاندار طریقے سے ٹیم کو لے کر چل رہے ہیں، ان کا کھلاڑیوں کے ساتھ تعلق بہت اچھا ہے۔ ہم ایسا بالکل محسوس نہیں کر رہے کہ کپتان نیا ہے اور مینجمنٹ بھی نئی ہے۔ خوشی ہے کہ نوجوان باصلاحیت کھلاڑی ٹیم میں آ رہے ہیں، ہماری ٹیم میں کوئی سینئر جونیئر نہیں ہے۔