کراچی (اسٹاف رپورٹر) دبئی میں انڈر 19ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم تیسرا میچ منگل کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔ پیر کو یواے ای انڈر 19 نے سری لنکا کو 2وکٹ سے شکست دےدی۔ دریں اثنا پیر کو ایک انٹر ویو میں پاکستان انڈر19 کے ہیڈ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ ہم نے کسی کے ساتھ گالم گلوچ نہیں کرنا مگر میچ سے قبل حریف ٹیم کے ساتھ فرینڈلی تعلقات بھی نہیں رکھنے۔ میں نے وسیم اکرم ، شعیب اختر، وقاریونس،انضمام الحق، سعید انور ، ثقلین مشتاق کے ساتھ کرکٹ کھیلی ہے، وہ میچ میں حریف کھلاڑی کے ساتھ دوستانہ برتاؤ نہیں کرتے تھے۔ آسٹریلیا کی مثال ہمارے سامنے ہے، وہ چھ بار عالمی چیمپئن اسی لئے بنے کہ گراؤنڈ میں ان کا برتاؤ دوستانہ نہیں ہوتا تھا۔ ہم جیتنے آئے ہیں، ایشیا کپ اور انڈر19ورلڈ کپ جیتیں گے۔ ان لڑکوں کی تکنیک اور ڈیولپمنٹ پرکام کررہاہوں۔ محمد یوسف نے کہا کہ میں ایک سال پاکستان ٹیم کے ساتھ رہا ہوں۔ پاکستان ٹیم ایسی جگہ نہیں ہے جہاں کھلاڑیوں کی بنیادی کوچنگ پر کام کیا جائے۔ پاکستان ٹیم میں کئی لڑکوں کی تکنیک ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے لیکن وہاں تکنیک پر کام نہیں ہوسکتا تھا۔