اسلام آباد ( نیوز رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ کے امور پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کا کڑ کی زیرصدارت اجلاس۔ نگران وزیر اعظم کی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محمد ذکاء اشرف، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، چیف سلیکٹر وہاب ریاض کو ہدایت نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کرکٹ کا کھیل پوری قوم کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس سے قومی جذبہ ابھرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ٹیم ورک کی بدولت ہی پاکستان کرکٹ ٹیم متحد ہو کر ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے امور کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیر اعظم آفس کے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی میں ٹرینرز ، سپورٹ اسٹاف اور دیگر عہدیداران کی تعیناتی کرتے ہوئے ملکی مفاد اور وقار کا خیال رکھا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کو اچھی کوچنگ کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت بھی کی جائے تاکہ وہ ہر سطح پر ملک و قوم کی بہتر نمائندگی کر سکیں۔ مزید برآں وزیر اعظم نے کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے انتخابات بطریق احسن کروانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کرکٹ کو ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان، کے پی کے نئے ضم شدہ اضلاع، آزاد جموں و کشمیر وغیرہ میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کو قومی سطح پر نمائندگی کاموقع دینے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کو ئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم اور پشاور کے اربابِ نیاز اسٹیڈیم کی بحالی کا کام فوری شروع کیا جائے تاکہ یہاں قومی اور بین الاقوامی کرکٹ میچز کا انعقاد کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے کرکٹ اسٹیڈیم اور گلگت بلتستان کے علاقے نگر میں موجود پسن اسٹیڈیم کو کرکٹ میچوں کے انعقاد کےقابل بنایا جا سکتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کرکٹ بورڈ کو ضلع نگر کے پسن اسٹیڈیم کا فوری سروے کرانے کی ہدایت بھی کی۔