کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے افغان مہاجرین کی بے دخلی کیخلاف درخواست پر درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے سپریم کورٹ کی کارروائی کو ریکارڈ کا حصہ بنالیا، درخواست گزار شیما کرمانی ،دیگر سول سوسائٹی کی وکیل نے سپریم کورٹ کی کارروائی سے متعلق ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا ،سپریم کورٹ نے درخواست پر نوٹس بھی جاری کردیے ہیں، جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ جب معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے تو ہم سماعت کیسے کرسکتے ہیں، یہ عدالت حکومت سندھ سے پوچھ سکتی ہے کہ افغان شہریوں کی بیدخلی کیلیے کیا میکنزم بنایا گیا ہے، عدالت نے ریکارڈ کو درخواست کا حصہ بناتے ہوئے سماعت 19دسمبر کیلیے ملتوی کردی۔