گوجرانوالہ (نمائندہ جنگ) پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ پر رہتے تو الیکشن نہ ہوتے،8فروری کو ایسا سرپرائز دینگے جو رائیونڈ کو ہمیشہ یاد رہے گا،کچھ روایتی سیاستدان یہ سمجھتے ہیں کہ طاقت کا سرچشمہ کہیں اور ہے تا ہم 8فروری کو وہ غلط ثابت ہوں گے وہ گزشتہ روز گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے،بلاول نے مزید کہا کہ جب نواز شریف کو ایک سازش کے ذریعے دو تہائی اکثریت دے کر لایا گیا تووہ امیرالمومنین بننا چاہتے تھے لیکن انہی لوگوں سے لڑ پڑے جو انہیں اقتدار میں لائے تھے اور پھر وہ دس سالوں کے لئے چھٹیوں پر سعودی عرب چلے گئے ۔ اس کے بعد جب انہیں پھر دوتہائی اکثریت دلوائی گئی تو پھر لانے والوں سے لڑ پڑے اور پھر "مجھے کیوں نکالا" کی گردان کرنے لگ گئے ۔ چوتھی مرتبہ اپنے بھائی کو وزیراعظم بنایا اور اب پانچویں مرتبہ اگر وہ خدانخواستہ وزیراعظم بن گئے تو پھر اپنے لانے والوں سے لڑ پڑیں گے اور مجھے کیوں نکالا کی تکرار شروع کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف الیکشن کو آگےلے جانے کی کوشش کرینگے تو ہم ایسا نہیں ہونے دینگے۔،بلاول کا کہنا تھا کہ آپ نے تین بار خود، چوتھی بار ریموٹ کنٹرول کے ذریعے حکومت چلائی اب پانچویں بارحکومت چاہتے ہیں، آپ اس شخص سے سوال پوچھیں جو چوتھی بار بھی ناکام رہا، اب 5 ویں بار وزیراعظم بن کر کون سا تیر مارے گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ گھڑی چور پہلے سب کو چور، چور کہہ رہا تھا، ایک نے اپنے آپ کو جیل سے نکالنا، دوسرے نے خود کو جیل سے بچانا ہے، مجھے جیل کی فکر نہیں ہے، آئیں دما دم مست قلندر کرکے میدان میں نکلیں، جیت جیالوں، تیر کی ہوگی۔بلاول نے کہا کہ بارہ سال پہلے آصف زرداری نے شہید بھٹو کا ریفرنس بھیجا تھا، عدلیہ کو تاریخ کو درست کرنے کا موقع ملا ہے، عدلیہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی میں ملوث عناصر کو سزا دیکر داغ دھوئے۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ ، انشا اللہ عدالت انصاف کرے گی، عوام نے فیصلہ کردیا اب عدالتی فیصلے کا انتظار ہے۔