اسلام آباد(اے پی پی)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہم بھارت کی سپریم کورٹ کی طرف سے بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق فیصلے کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں‘بھارت کو کشمیری عوام کی مرضی اور بین الاقوامی قوانین اور انصاف کے تقاضوں کے خلاف اس متنازعہ علاقے کی حیثیت سے متعلق یکطرفہ فیصلے کرنے کا کوئی حق نہیں ہے‘ اس معاملے پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کیا جا رہا ہے جس میں خصوصی طور پر شرکت کروں گا۔ انہوں نے یہ بات آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے۔