کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عوامی جمہوریہ چین نے پاکستان کی ترقی اور استحکام میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، دو ہمسایہ ملکوں کے درمیان شاندار دوستی کی اس سے بہتر مثال نہیں مل سکتی، کراچی میں پاک چائنا فرینڈ شپ پارک کے قیام اور شہریوں کے لئے جدید سہولتوں کی فراہمی پر کراچی کے عوام کی طرف سے چینی حکومت کا شکر یہ ادا کرتے ہیں، یہ بات انہوں نے کشمیر روڈ پر پاک چائنا فرینڈ شپ پارک میں چین کے تعاون سے قائم کئے گئے اوپن ایئر جم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،انہوں نے چین کے قونصل جنرل Mr.Yang Yundongکے ہمراہ پاک چائنا فرینڈ شپ پارک میں اوپن ایئر جم کا باضابطہ افتتاح کیا ، اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے جنرل سیکریٹری دل محمد،ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر جنید اللہ خان، ڈپٹی کمشنر شرقی الطاف شیخ اور کے ایم سی کے مختلف محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے، اس موقع پر پاک چین دوستی کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا، چینی قونصلیٹ اور کے ایم سی کے درمیان باہمی تعاون کی باہمی یادداشت پر میئر کراچی اور چین کے قونصل جنرل نے دستخط کئے۔