فیصل آباد (آئی این پی)عوام مہنگائی کے ایک نئے طوفان کی زد میں، پیاز سمیت کئی سبزیوں کی قیمتوں نے ڈبل سنچری مکمل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کے تمام تر دعووں کے باوجود ملک میں مہنگائی کے طوفان میں مزید شدت آ گئی ہے، سبزیاں تک عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔ سیزن کی سبزیوں کی بھرپور پیداوار کے باوجود سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، پیاز نے ڈبل سنچری کرلی، شہریوں کا کہنا ہے کہ کم آمدن والے طبقے کے لیے دال سبزی کھانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ پیاز کی فصل بازار میں آنے کے باوجود ایک ہفتے کے دوران پیاز80روپے مہنگی ہوگئی، تین روز میں پیاز کی قیمت میں30روپے فی کلو کا اضافہ ہوگیا ہے اور خوردہ سطح پر پیاز200روپے کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔ دکانداروں نے کہا کہ سبزی منڈی میں پیاز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں اس لیے خوردہ قیمت میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔