اسلام آباد(جنگ نیوز،نیوز ایجنسیاں) سپریم کورٹ آف پاکستان نے عام انتخابات کیس کا تحریری حکم جاری کردیا۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ نے2753 ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کا کام روکدیا، لاہور ہائیکورٹ نے بیک جنبش قلم انتخابی عمل کو ڈی ریل کردیا۔
سپریم کورٹ نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا جس میں عدالت نے بیرسٹر عمیر نیازی کو نوٹس جاری کرکے وضاحت مانگی ہے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، سپریم کورٹ کا حکم واضح تھا کہ کوئی بھی جمہوری عمل میں خلل نہیں ڈالے گا، عمیر نیازی بظاہر جمہوری عمل ڈی ریل کرنے کی کوشش کے مرتکب ہوئے۔
عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈی آر اوز اور آر اوز کو خاص طور پر انتخابات کیلئے تعینات نہیں کیا گیا، تعینات افسران پہلے سے بطور انتظامی افسر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کیا جاتا ہے جب کہ عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کو درخواست پر مزید کارروائی سے بھی روکدیا۔