کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن شیڈول کے اعلان کو خوش آئند جبکہ انتظامیہ کے افسران کو آر او اور ڈی آراو بنانے پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ ملک بھر میں آر او اور ڈی آر او کی تعیناتی عدلیہ سے یقینی بنائی جائے، الیکشن کمیشن انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے، چاروں صوبوں کے پارٹی گورنروں کو معطل کیا جائے۔ان تمام اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔جماعت اسلامی عام انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اور اہل کراچی بلدیاتی انتخابات سے بڑا مینڈیٹ دیں گے۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی،نائب امراء کراچی راجہ عارف سلطان،عبدالواہاب،جنرل سیکریٹری کراچی منعم ظفرخان،قائم مقام سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد،این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے لیکن اس کے لیے کسی اورامریکی جنگ میں شامل نہ ہوا جائے، افغانستان کے ساتھ بامعنی مذاکرات کیے جائیں۔ ایسی پالیساں نہ بنائی جائیں جس سے دونوں ملکوں کے عوام دور ہوں اور امریکہ کو فائدہ پہنچے۔