چمن(نورزمان اچکزئی) پاک افغان چمن بارڈر باب دوستی پردھرنے کے دوماہ مکمل ہونے پر دھرنا سربراہ غوث اللہ نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں عام انتخابات کے بائیکاٹ اور کسی بھی امیدوار کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکنے کا اعلان کیا ہے جبکہ چمن میں دو ماہ سے مسلسل منسوخ کرنے کے بعد آج پیر سے پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے کے ضلع انتظامیہ کے اعلان کو دھرنا سربراہ نے مسترد کرتے ہوئے بائیکاٹ جاری رکھنے اور پولیو ٹیموں کو سخت وارننگ دے دی ۔صادق اچکزئی نے کہا کہ ‘پرتشدد احتجاج سے روکنا بس سے باہر ہوگیا‘تاہم ڈپٹی کمشنر چمن کیپٹن (ر) راجہ اطہر عباس نےکہا کہ پولیو مہم کو ہرصورت شروع کرکے انتہائی سخت سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ باب دوستی سے روایتی دستاویزات سے آمدورفت پالیسی بحالی کےلئے باب بین الاقوامی شاہراہ پر آل پارٹیز تاجر لغڑی اتحاد کے احتجاجی دھرنےکو2ماہ مکمل ہوگئے ،گزشتہ روز دھرناکمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا کمیٹی ترجمان صادق اچکزئی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ دنوں پشتونخوا میپ کے سربراہ محمودخان اچکزئی نے پچھلے ہفتے دوسری بار دھرنا سے خطاب کیا ،مظاہرین کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے کے مطالبہ پر محمود اچکزئی نے مظاہرین سے آخری موقع دینے کی اپیل کرتے ہوئے حکومت کوجمعہ تک مطالبات حل کرنے کی ڈیڈلاین دی اور خود اسلام آباد جاکر نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان سے ملے اور مظاہرین کے غم وغصہ سے آگاہ کرکے دھرنا مظاہرین کو کسی سخت گیر اقدام اٹھانے سے روک دیاتھا۔