حیدرآباد (بیورو رپورٹ/ نیوز ایجنسیز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کے ساتھ چلنا ہے تو تاریخ اور ثقافت کو اپنانا پڑیگا‘ پاکستان میں سب سے بڑا ظلم و زیادتی یہ ہوئی کہ یہاں پر ہم نے اپنے ہاتھوں سے تاریخ‘ ثقافت اور زبان کو اہمیت نہیں دی‘ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ یہ تقسیم اور نفرت رہے،نفرت اور تقسیم کی سیاست عروج پر ہے ہمیں اس بخار کو توڑنا پڑیگا،کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ تقسیم رہے ،جیت تقسیم میں نہیں، اتحاد میں ہے، ایک دوسرے کو غدار اور کافر کہنے سے ملک کیسے چل سکتا ہے، 8فروری کے انتخابات میں لاڈلوں کو چننے نہیں دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ میوزیم کے خانہ بدوش کیفے میں سندھ کے ممتاز شاعر شیخ ایاز سے منسوب نویں ایاز میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قلم کے بجائے نوجوان ہاتھوں میں بندوق تھام لیتے ہیں‘میں چاہتا ہوں پاکستان کو اس سمت لے جائیں جہاں وہ تاریخ اور ثقافت کو اپنائیں شرمندہ نہ ہوں۔