کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سبکدوش صدربریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے بطور صدر پی ایچ ایف عہدہ چھوڑنے سے انکار کرتے ہوئے انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کو صورت حال سے آگاہ کرنے کا اشارہ دیا ہے، ہفتے کو اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت نے ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک بنیادوں پر صدر لگا کر دائرہ اختیار سے تجاوز کیا۔نگران حکومت کی طرف سے ایڈہاک صدر کا تقرر غیرقانونی اور غیر آئینی ہے ،نگران حکومت کی مداخلت فیڈریشن پر پابندی کا باعث بن سکتی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دفاتر پر غیر قانونی قبضہ کرنے کی کوشش افسوسناک ہے ، نئی نیشنل اسپورٹس پالیسی کی تاحال منظوری نہیں ہوئی، اسپورٹس پالیسی کے حوالے سے عدالت کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل نہ کر کے توہین عدالت کی گئی، ایڈہاک کا نوٹیفیکیشن جاری کر کے میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ساتھ پاکستان کے معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات میں الیکشن کمیشن کا حوالہ دینا اور این او سی سمجھ سے بالاتر ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اسپورٹس بورڈ کی اربوں روپے کی مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں کو بےنقاب کرنے کے حوالے سے خط لکھا قومی کھیل ہاکی کو فنڈز سے محروم جبکہ شطرنج او ر بولنگ فیڈریشنوں کو کروڑوں کا صوابدیدی فنڈ دیا گیا۔ غیرقانونی نوٹیفیکیشن واپس نہ لیا گیا تو ایف آئی ایچ اور آئی او سی کو خطوط لکھے جائیں گے۔