سکھر، لاڑکانہ (بیورورپورٹس ) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو ریلیف ملتا نظر آرہا ہے، سائفر بہت سنجیدہ کیس ہے، یہ قومی سلامتی کی بہت بڑی خلاف ورزی ہے.
سائفر انتہائی سنجیدہ ایشو ہے، جج صاحبان چاہئیں تو خود جوڈیشل انکوائری کرا کر معلوم کریں کہ سائفر کے پیچھے کہانی کیا ہے، الیکشن میں ’’بلا‘‘ نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑیگا،میرے خیال سے اس الیکشن میں بلا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑیگا، نواز شریف اب نعرہ ہوگا ’’مجھے کیوں بلایا‘‘۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں اپنے نامزدگی فارم رٹرننگ افسر کے پاس جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ اور لاہور سے جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں الیکشن اس لیے لڑ رہا ہوں تاکہ تنخواہوں میں اضافہ ہو، کسان و مزدور کو اس کا حق دلوائیں، غریب خاندانوں کے لیے 30 لاکھ گھروں کی تعمیر ہو سکے، ملک بھر میں عام آدمی کو عالمی معیار کی صحت کی سہولیات مفت میسر ہوں اور نوجوانوں کو ریلیف ملے۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں پی پی پی کا مقابلہ کسی سیاستدان یا جماعت سے نہیں، بلکہ ملک میں پھیلی غربت، مہنگائی اور بے روزگاری سے ہے۔