نوابشاہ (ایجنسیاں/ نامہ نگار)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پہلے بغیر محنت کے آئی تھی‘ اب محنت کرنی چاہئے۔ نواب شاہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھاکہ انتخابات ضرور ہوں گے ‘پیپلز پارٹی کا مستقبل روشن ہے‘عام انتخابات میں ہم حکومت بنائیں گے۔ دوسری جانب بختاورکیڈٹ کالج نوابشاہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے باوجود 17 وزارتیں صوبوں کو منتقل نہیں ہوئیں‘ ہم یہ 17وزارتیں ختم اوران پر خرچ ہونے والے 300 سو ارب روپے عوام پر خرچ کریں گے‘ غریبوں کو 300 سو یونٹ تک بجلی مفت دیں گے‘ فرٹیلائزر، توانائی اور دیگر سیکٹرز کو دی جانے والی 1500ارب کی سبسڈی مزدوروں اور کسانوں کو براہ راست دیں گے ۔ حکومت کی طرف سے اشرافیہ کو سبسڈی دی جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ واپڈا اور کے الیکٹرک کی ضرورت نہیں، ہم سبز توانائی اور سولر انرجی پر سرمایہ کاری کریں گے ‘ آئندہ آنے والی حکومت کو وعدہ کرنا ہوگا کہ پانچ سال کے اندر تنخواہیں دگنی کرے گی‘تاریخی مہنگائی، تاریخی بیروزگاری اور غربت کا مقابلہ کرنا ہے، جتنی روٹی کپڑا اور مکان کی ضرورت آج ہے، شاید ماضی میں نہیں تھی۔موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لیے انقلابی تبدیلیاں لائیں گے‘ماڈرن ٹیکنالوجی سے خشک سالی اور سیلاب کا مقابلہ کریں گے‘ہاریوں کے لیے ہاری کارڈ، مزدوروں کے لیے مزدور کارڈ اور نوجوانوں کے لیے نوجوان کارڈ لائیں گے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ تقسیم، نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست دفن کر کے تمام مسائل کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔