• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید سے ملاقات نہیں ہوئی‘ بے بنیاد خبر چلائی گئی‘ چوہدری تنویر، دانیال چوہدری

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) قائد مسلم لیگ (ن) کے دست راست سابق سنیٹر چوہدری تنویر اور بیرسٹر دانیال چوہدری نے شیخ رشید سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مسلم لیگی تھے‘ ہیں اور رہیں گے۔ ایک وڈیو اور فیک نیوز سے ہماری سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر جھوٹا پراپیگنڈہ کرنے والے شخص کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے عدالت میں ہتک عزت کا کیس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چوہدری تنویر نے اس جھوٹی خبر پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ دور میں جیلیں کاٹیں‘ سزائیں بھگتیں لیکن کبھی مسلم لیگ (ن) کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے۔ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میرے دونوں بیٹے بیرسٹر دانیال چوہدری اور اسامہ چوہدری بھی مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے امیدوار ہیں۔ 2018ء کے الیکشن میں بیرسٹر دانیال چوہدری نے ترانوے ہزار سے اوپر ووٹ لیکر شیخ رشید کو تقریباً ہرا دیا تھا لیکن وہ آر ٹی ایس دھاندلی کے ذریعے جیت گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے جس کو بھی امیدوار نامزد کیا ہم سب انکی مل کر انتخابی مہم چلائیں گے اور کوئی کسی کیخلاف بھی نہیں جائیگا۔ انشاء اللہ راولپنڈی کی تمام سیٹیں جیت کر قائد نواز شریف کو تحفہ دینگے۔انہوں نے جھوٹا بیان جاری کرنے کیخلاف وکلاء کو کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کیخلاف ہتک عزت کی کارروائی کی جائیگی تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کے بیانات سے کسی کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کرے۔
اہم خبریں سے مزید