• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس، انسانی اسمگلنگ کے شبے میں روکا گیا طیارہ واپس بھارت پہنچ گیا

کراچی (نیوز ڈیسک) فرانس میں انسانی اسمگلنگ کے شبے میں 4روز تک روکا گیا رومانین چارٹر طیارہ 276مسافروں کے ساتھ واپس بھارت پہنچ گیا، ممبئی ائیرپورٹ سے باہر آتے ہوئے مسافروں نے اپنے چہرے چھپائے اور باہر موجود میڈیا سے گفتگو نہیں کی، ابھی یہ واضح نہیں کہ بھارتی حکام نے ان مسافروں سے پوچھ گچھ کی ہے یا نہیں تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے ابھی تک اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ فرانسیسی حکام کے مطابق انسانی اسمگلنگ سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جہاز کو 21 دسمبر کے روز تحویل میں لے لیا گیا تھا، رومانین طیارہ متحدہ عرب امارات سے مسافروں کو لیکر نکاراگوا کی جانب جا رہا تھا، فرانس کے واٹری ائیرپورٹ پر طیارے نے سپلائی کیلئے لینڈ کیا تھا۔ طیارے میں 300 سے زیادہ بھارتی باشندے سوار تھے،امارات سے نکاراگوا جانے والے طیارے کوچار روز تک فرانس کی شمپین کاؤنٹی کے ائیرپورٹ پر روک رکھا تھا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق طیارے کے 303 مسافروں میں سے 276 کو ممبئی واپس بھیج دیا گیا ہے جبکہ باقی 25 مسافروں نے فرانس میں سیاسی پناہ کی درخواست کی ہے، ان میں 21 ماہ کا بچہ اورمتعدد نابالغ بھی شامل ہیں۔
اہم خبریں سے مزید