راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) باخبر ذرائع کے مطابق راولپنڈی سیف سٹی پراجیکٹ کےپہلے مرحلے میں370مختلف سائٹس،پوائنٹس پر کیمرے لگیں گےجن میں تمام بڑے چوک/ چوراہے،بڑی مساجد،چرچ، کمرشل پوائنٹس،محرم جلوس روٹ،پٹرول پمپس شامل ہیں۔راولپنڈی سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح31 جنوری کو کئے جانے کا امکان ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹ کا دفتر پرانے سی پی او آفس کی جگہ پر زیر تعمیر ہے۔کمانڈ اینڈکنٹرول سنٹر کی عمارت کی تکمیل کا کام تعطل کے بعد پھر تیزی سےجاری ہوگیا ۔پراجیکٹ کنٹریکٹر ایف ڈبلیو اوہے۔ذرائع کے مطابق سیف سٹی منصوبہ کے تحت لگنے والے کیمرے چہروں کی پہچان کے علاوہ متشبہ افراد کے چہروں کی شناخت کرکے سسٹم کو فوری طور پر الرٹ کرنے کی صلاحیت کے حامل ہوں گے۔ راولپنڈی شہر میں ڈیجیٹل انٹیلی جنس بیسڈ کرائم کنٹرول اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے علاوہ ٹریفک کے نظام کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا گیا تھا۔نگران حکومت نے اس اہم منصوبہ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے آپریشنل کرنے کی ہدایات جاری کی ہوئی ہیں۔