• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سن 2023کا سور ج غروب ہو گیا،گزرے سال نے جہاں شعبہ زندگی کے ہر کینوس پرطرح طرح کے رنگ بکھیرے ہیں شو بز کی دنیا میں بھی اپنا رنگ جمایا،چمکتی دنیا سے جڑی ذرا سی بات بھی عوام کی توجہ کا مرکز رہی، فلموں،ڈراموں کا جہاں بے تابی سے انتظار کیا جاتا رہا، وہاں مداح اپنے پسندیدہ ستاروں کی زندگیوں کی ایک جھلک دیکھنے کو بھی بے چین رہے۔2023نے شو بز کی دنیا میں کیا نقش چھوڑے ،ان پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

سسکیاں لیتی پاکستانی فلمی نگری’لالی ووڈ‘

اس سال عید الفطر سے قبل کوئی قابل ذکرپاکستانی فلم سینما گھروں کی زینت نہ بن سکی، عید پر چار فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں21اپریل کو ہدایت کار فیصل قریشی کی ’منی بیک گارنٹی‘جس نے37کروڑروپے کا بزنس کیا،ندیم چیمہ کی’دوڑ‘،ابوعلیحہ کی فلم ’دادل‘اور23اپریل کوکامران شاہد کی فلم ’ہوئے تم اجنبی‘شامل ہیں۔ مئی میں کوئی نئی اردو فلم ریلیز نہیں ہوئی ۔ ہدایت کار ابو علیحہ کی دو جون کو بچوں کےسیریل قاتل جاوید اقبال پر بننے والی فلم ’ککڑی‘ ریلیز ہوئی جس کی کارکردگی باکس آفس پر مایوس کُن رہی۔ 

جون میں عیدالاضحی پر 6 فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں ندیم بیگ، مرینہ خان، نبیل قریشی کی مشترکہ ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’تیری میری کہانیاں‘،ہدایت کارعزیر ظہیر خان کی اینی میٹڈ فلم ’اللہ یار اینڈ ہنڈرڈ فلاورز آف گاڈ‘، ہدایت کار رانا کامران کی ’وی آئی پی‘، ہدایت کار سراج السالکین کی ’مداری‘، ہدایت کار عیسیٰ خان کی ’بے بی لیشیئس‘ اور ہدایت کار سلیم داد کی ’آر پار‘ شامل ہیں۔ پندرہ دسمبر کو ہدایت کار شعیب سلطان کی گنجل اور بائیس دسمبر کو ہدایت کار ظہیرالدین کی چکڑ ریلیز ہوئی۔ دس فروی کو ہدایت کار شاہ ضل سید کی’ کمبیٹوو‘ فلم ریلیز کی گئی۔ سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ یوٹیوب پر ریلیز کی گئی۔

تیرہ جنوری کوہدایت کار پرویز کلیم کی پنجابی فلم ’رنگ عشقے دا‘،بیس جنوری اوردس فروری کوہدایت کار ابوعلیحہ کی دو پنجابی فلمیں ’شاٹ کٹ‘ اور ’سپر پنجابی‘،ہدایت کار شاہد رانا کی فلم ’لاہور قلندر‘ ریلیز ہوئی ۔ ہدایت کار سعید رضوی کی فلم ’سر کٹا انسان‘ ، پاکستانی نژاد کینیڈین فلم ساز کی فلم ’ان فلیمز‘بھی ریلیز کی گئی۔ 2022 سے نمائش پنجابی فلم ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ نے اب تک باکس آفس پرچار ارب روپے کی کمائی کی جو پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے۔

اس کے علاوہ اس سال کسی بھی پاکستانی فلم نے کوئی غیر معمولی بزنس نہیں کیا۔ پاکستانی سینماؤں میں بھارتی پنجابی فلمیں بھی ریلیز ہوئی، ان میں ’کیری آن جٹا تھری ‘اور’اینی ہاؤ مٹی پاؤ‘ بھی تھی۔ پاکستانی سینماؤں میں ہالی ووڈ کی فلمیں بھی نمائش کے لئے پیش کی گئی۔ان میں سرِفہرست فاسٹ ایکس، جان وِک چیپٹر فور، سپر ماریو برادرز، ایول ڈیڈ رائز، انڈیانا جونز اینڈ دی ڈائل آف ڈیسٹنی، مشن امپاسبل ، باربی ،نپولین اور دیگرشامل ہیں۔

ڈرامے جو پاکستانی شائقین کو بھا گئے

اس سال جس ڈرامے کو پاکستانی شائقین میں سب سے زیادہ پذیرائی ملی،وہ مارننگ شو میزبان اور ان کی زندگی کے مسائل کے گرد گھومنے والی ڈرامہ سیریل ”جنت سے آگے“ تھا جسے جیو ٹی وی پر نشر کیا گیا، عمیرہ احمد کی تحریر کردہ اس کہانی کو حسیب حسن کی ہدایات میں عکس بند کیا گیا۔

ڈرامے کی کہانی انٹر ٹینمنٹ انڈسٹری کے اندرجاری زہریلی کہانی کی نشاندہی کرتی ہے، جس میں عوامی تذلیل کے موضوعات کو کس طرح پیش کر کے اسے ٹرینڈ بنایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ٹاپ دس ڈراموں میں کابلی پلاؤ، رضیہ، جیون نگر،سرراہ،تیرے بن، بےبی باجی مجھے قبول نہیں،جھوم ،احرام ِجنون ،حادثہ بھی شائقین کو ٹی وی اسکرینیوں سے چپکائے رکھا۔ اس کے علاوہ نیم ،پنجرہ، کچھ ان کہی، جھوک سرکار، گرو، 22قدم، تمہارے حسن کے نام، نوروز، جرم، جندو اورمحرما نے بھی شائقین کو سحر میں رکھا۔

پاکستانی ستارے جو ایک دوسرے کے ہوگئے

اس سال شو بز سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات شادی کے بندھن میں بندھ گئیں ان شادیوں کے چرچے بھی ہوئے۔ لالی ووڈ اداکارہ ماہرہ خان نے بھوربن کے ریزورٹ سٹی میں قریبی دوست اور بزنس مین سلیم کریم سے شادی کی۔حرا خان نے فروری میں ارسلان خان سے، اداکارہ اشنا شاہ نے فروری میں حمزہ امین کو اپنا جیون ساتھی بنا لیا۔ 

اداکار و ماڈل مدیحہ امام نے مئی میں بھارتی فلمساز موجی بسر کے ساتھ نئے سفر کا آغاز کیا، گلوکارہ و اداکار کومل رضوی نے اپریل میں بزنس مین علی اپل سے شادی کا اعلان کیا،عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ کرن اشفاق دسمبرکے شروع میں بزنس مین اور پیپلز پارٹی کے رہنما حمزہ علی چوہدری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، کوک اسٹوڈیو کی مشہور ریپر ایوا بی جنوری میں مدثر قریشی کی ہوگئی ، ماڈل زارا پیرزادہ نے فروری میں سروان صالح کے ساتھ شادی کی۔ اداکار اور ماڈل سبحان اعوان نے جنوری کے آغاز میں واشمہ فاطمہ سے شادی کی۔ شوبز کے اسٹارز جویریہ اور شمعون عباسی کی بیٹی انزیلا عباسی اور تاشفین انصاری کی اگست میں شادی ہوئی۔

پاکستانی ستارے،جو نہ رہے

یہ سال پاکستان شوبز انڈسٹری کے کئی ناموں کو اپنے ساتھ لے گیا، ماجد جہانگیر 10 جنوری، امجد اسلام امجد 10 فروری ، ضیا محی الدین 13 فروری،قوی خان 6 مارچ، شعیب ہاشمی 6 مئی، یعقوب عاطف 12 مئی ، شکیل احمد 29 جون،حسن عسکری 30 اکتوبر ،طارق جمیل پراچہ9 اپریل،خالد سعید بٹ 13 اپریل، گلوکار اسد عباس 15 اگست،نوشین مسعود6 دسمبر کو دار فانی کوچ کر گئے۔

ٹاپ ایشین ستاروں میں پاکستانی فنکار بھی

برطانیہ کے معروف شوبز میگزین ’ایسٹرن آئی‘ کی جانب سے سال 2023 کی گلوبل ایشین سلیبریٹی کی فہرست میں پاکستانی اسٹار وہاج علی ٹاپ 10 میں رہے۔ ڈراما سیریل ’تیرے بن‘ میں ان کی شاندار پرفارمنس پر اس فہرست میں انہیں نویں پوزیشن پر رکھا گیا۔دیگر پاکستانی اداکاروں میں یمنیٰ زیدی، احد رضا میر،سجل علی، عروج آفتاب، شہزاد لطیف، بلال عباس خان، حدیقہ کیانی، رز احمد بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔فہرست میں سرفہرست بالی وڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان ہیں، دوسرے پر عالیہ بھٹ اور تیسرے پر پریانکا چوپڑا ہیں۔

پاکستانیوں نے سب سے زیادہ کس کو سرچ کیا

انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے پاکستان کے حوالے سے 8 کیٹیگریزاسپورٹس، تقریبات، خبریں، فلم اور ٹی وی پروگرام، شخصیات، کھانے بنانے کی تراکیب اور ٹیکنالوجی کی فہرست جاری کی۔ سال 2023 میں شوبز کے حوالے سے گوگل پر پاکستانیوں نے ہالی وڈ فلم ’اوپن ہائیمر‘کو سب سے زیادہ سرچ کیا،ان کی تلاش میں دوسرے پر شاہ رخ خان کی ’جوان‘ اور تیسرے پر’ پٹھان‘ فلم تھی۔ چوتھے پر ہالی وڈ فلم ’باربی‘، پانچویں پر سلمان خان کی ’ٹائیگرتھری‘ ،چھٹے پر ’غدر ٹو‘،ساتویں پر’کیری آن جٹاں تھری‘، آٹھویں پر’جان وک فور‘،نویں پربالی وڈ فلم ’فرضی‘ اور دسویں پر نیٹ فلیکس کی فلم ’ایکسٹریشن ٹو‘ تھی۔.

مس یونی ورس مقابلوں میں پہلی بار پاکستان کی نمائندگی

اس سال ایل سلواڈور میں ہونے والے مس یونیورس مقابلوں میں پہلی بار پاکستان کی نمائندگی ہوئی،کراچی سے تعلق رکھنے والی ایریکا رابن ان مقابلوں میں حصہ لینے والی پہلی پاکستانی خاتون بنیں،یہ پہلی بار ہے کہ پاکستان کے قدامت پسند سمجھے جانے والے معاشرے میں کسی خاتون نے حسن کے ان بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیا ہو۔

ہندی سنیما نے دوبارہ جنم لیا

فلمی کاروبار ایک مضبوط، لچکدار صنعت ہمیشہ سے رہا ہے۔ 2020 کے بعد کووڈ سمیت کئی بحرانوں نےبڑے پیمانے پرتھیٹر خالی کردیے تھے ،سیٹوں پر دھول اکھٹی ہونے لگی تھی ، 2023 اپنے ساتھ ایک نئی صبح لے کر آیا۔ ایک ایسا سال جس نے ہندی سنیما کو ایک طرح سے دوبارہ زندہ کیا۔ یہ سال ہندی سنیما کےلئے ہر لحاظ سے کامیاب رہا، بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان 2023 میں اپنی ایکشن تھرلر فلم’ ’پٹھان‘ کے ساتھ بڑے پردے پر وارد ہوئے،شاہ رخ خان نے اپنی 2018 کی فلم ’زیرو‘ کی شکست کے بعد تقریباً پانچ سال کا وقفہ لیا۔

بعد میں بلاک بسٹر’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ کے ساتھ اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس سال کمرشل ایکشن فلمیں جیسے ’جوان‘ اور سماجی مسائل پر فلمیں جیسے ’او ایم جی ٹو‘ کو پسند کیا گیا، وہاں ’غدر 2 ‘کا بھی باکس آفس پر راج رہا، جہاں فلم بینوں نے’اینیمل‘ جیسی فلموں کو اپنا پیار دیا، وہیں انہوں نے ’دی کیرالہ اسٹوری ‘ فلموں کی بھی حمایت کی۔ کامیاب فلموں میں سلمان خان کی ’ٹائیگر 3 ‘بھی شامل ہے۔ اس سال ’سالار‘ نے بھی باکس آفس پر زبردست بزنس کیا۔

بالی ووڈ کےمقبول ترین اداکار

ایمازون کی ملکیت انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس(آئی ایم ڈی بی) کی طرف سے 2023کے مقبول ترین بھارتی اداکاروں کی فہرست کے مطابق بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان پہلی پوزیشن پر برا جمان ہیں۔ اس فہرست میں عالیہ بھٹ دوسرے اور تیسرے پردیپیکا پڈوکون،وامیکا گبی چوتھے، نینتارہ پانچویں، تمنا بھاٹیہ چھٹے، کرینہ کپور خان ساتویں، شوبھیتا دھولیپالا آٹھویں، اکشے کمار نویں اور شاہد کپور دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

بالی ووڈ:شادی، طلاق ،بریک اپ، افواہیں

مشہور شخصیات کی خبریں سرخیوں کو موہ لینے اور قیاس آرائیوں کو جنم دینے میں کبھی ناکام نہیں ہوتیں۔کچھ بالی ووڈ مشہور شخصیات نے شادی کی، کچھ نے ایوارڈز جیتا، اور باقی نے مختلف وجوہات کی بناء پر سرخیاں بنائیں۔سدھارتھ ملہوترا اور کیارا اڈوانی نے 7 فروری 2023 کو راجستھان میں شادی کرلی،بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے 24 ستمبر کو عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا سے شادی کی۔ ان کی مقبول کزن اداکارہ پریانکا چوپڑا جوناس شادی میں شامل نہ ہو سکیں۔

انوشکا شرما ویرات کوہلی کے ساتھ اپنے دوسرے بچے کی آمد کا انتظار کررہی ہیں،انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کو 11 جنوری 2021 کو ان کے پہلے بچے، بچی وامیکا کی پیدائش ہوئی تھی۔ عالیہ بھٹ اور کریتی سینن نے بالترتیب گنگوبائی کاٹھیاواڑی اور ممی کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتا ۔بالی ووڈ کی جوڑی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی ایک ٹویٹ وائرل ہونے کے بعد ان کی شادی میں مشکلات کی افواہیں تھیں۔ہندوستان اور پاکستان کے مشہور ترین جوڑوں میں سے ایک ثانیہ مرزا اور شعیب ملک گزشتہ چند ماہ سے اپنی طلاق کی افواہوں کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔

افواہیں سب سے پہلے اس وقت سامنے آئیں جب ثانیہ مرزا نے اپنے شوہر کو اپنے انسٹاگرام ہینڈل سے ہٹا دیا۔ ثانیہ نے اپنے شوہر شعیب ملک کے ساتھ کوئی تصویر پوسٹ نہ کی اور نہ ہی ان کی کسی پوسٹ پر کوئی ردعمل ظاہر کیا۔پون کلیان کی بھانجی، نہاریکا نے گزشتہ ماہ علیحدگی کی افواہوں کو جنم دیا جب اس نے انسٹاگرام پر چیتنیا کو ان فالو کر دیا اور یہاں تک کہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اپنی شادی کی تصاویر کو ڈیلیٹ کر دیا۔

ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن جوڑے نے ایک طویل سفر طے کیا ،ان کی علیحدگی کی قیاس آرائیاں اس وقت عروج پر تھیں جب ممبئی میں نیتا اور مکیش امبانی کےگالا میں اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ نہیں آئے۔ورون دھون اور نتاشا دلال کی شادی کے بارے قیاس آرائیوں کو ایک ٹویٹ نے جنم دی جس میں کہا گیا کہ سب کچھ ٹھیک نہیں اور وہ طلاق کی طرف بھی جا سکتے ہیں۔

ہالی ووڈ:علیحدگیاں

ہالی ووڈ کے کچھ مشہورجوڑوں نے اس سال اپنے تعلقات ختم کردیے،امریکی شوبز اسٹارزکائلی جینر اور ٹریوس اسکاٹ نےجنوری میں دوبارہ سے رشتہ ختم کر دیا،یہ جوڑا 2017 سے ڈیٹنگ کر رہے تھے۔مشہور امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نےجو الوین سے اپنے چھ سالہ تعلقات کو ختم کر دیا اور بعد میں ٹیلر نے فٹ بال اسٹار ٹریوس کیلس سے ڈیٹنگ شروع کی۔

معروف فلپائینی اداکارہ آندرے بریلینٹس نے باسکٹ بال کھلاڑی ریکی رویرو سےرشتہ توڑ دیا۔ شادی کے دو سال بعد، اریانا گرانڈے اور ان کے شوہر ڈالٹن گومز کے درمیان جولائی میں علیحدگی ہوگئی۔ برٹنی سپیئرز اور سیم اشگری نے اگست میں علیحدگی کی تصدیق کی۔سوفی ٹرنر اور جو جوناس نے ستمبر میں انکشاف کیا کہ وہ طلاق لے رہے ہیں۔ جنوبی کورین اداکار ریو جون ییول اور ہائیری چھ سال ایک ساتھ رہنے کے بعد نومبر میں الگ ہو گئے۔

موسیقی کا راج رہا

سال 2023 بالی ووڈ کے لیے فلموں اور موسیقی کے لحاظ سے بہت اچھا سال رہا ۔ فلم انڈسٹری نے کئی بڑی ہٹ فلمیں دیں جنہوں نے پورے سال راج کیا۔ چاہے وہ شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی پٹھان البم ہو یا رنبیر کپور اور رشمیکا منڈنا کی اینیمل میوزک،انہوں نے سوشل میڈیا کو سحر میں لیے رکھا، اس سال چارٹس پر راج کرنے والے گانوں پر ایک نظر ڈالتے ہیں، نمبرون پر پٹھان فلم کا’. جھوم جو پٹھان ‘ رہا،اس گانے کو یوٹیوب پر 785 ملین سے زیادہ بار دیکھا گیا ۔نمبرٹو پر’ فلم تو جھوٹھی میں مکار‘ کا گیت ’پیار ہوتا کئی بار ہے‘ رہا۔

تیسرے پرفلم ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے کا گیت تیرے واسطے‘تھا۔چوتھے پر اسی فلم کا’پھر اور کیا چاہیے‘ تھا ۔پانچویں پر فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی کا گیت’ تم کیا ملے‘ ایک اور رومانوی ٹریک تھا۔ چھٹے پر فلم غدر ٹو کا گانا’ میں نکلا گڈی لیں کے‘ رہا۔ ساتویں پرفلم جوان کا گیت ’ میں چلیا تیری اور،میرا چلیا نہ زور ‘ رہا۔آٹھویں پر فلم اینیمل کا گانا’ ارجن ویلی ‘،نویں پرراکی اور رانی کی پریم کہانی کا گیت’ کیا جھمکا‘ رہا اور اسی فلم کا گانا ’ست رنگا ‘ مقبولیت میں دسویں نمبر پر رہا۔

ہالی ووڈ ، سال کی بڑی کہانیاں

اس سال ہالی ووڈ فلم ’باربی ‘ ایک عشاریہ44ارب ڈالرکا بزنس کرکے سرفہرست رہی۔’دی سپر ماریو براس مووی ‘نے ایک عشاریہ34ارب ڈالر،’اوپن ہیمر‘ نے 951ملین ڈالر، ’گارڈینز آف دی گلیکسی والیم تھری‘ نے 845ملین ڈالر اور ’فاسٹ ایکس‘ نے708ملین ڈالر کا بزنس کیا۔ہالی ووڈ اسٹوڈیوز کو 63 سالوں میں پہلی بار اپنےکام میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا جب مصنفین اور اداکاروں نےزیادہ معاوضے کے علاوہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق حفاظتی اقدامات پر ہڑتال کی، جس کی وجہ سے وہ امریکا اور بیرون ملک بہت سی پروڈکشنز کو روکنے پر مجبور ہوئے۔ دونوں گروپوں کی یونینیں اسٹوڈیوز کے ساتھ معاہدے پر پہنچ گئیں۔ 

آنجہانی جان لینن بیٹلز کی آواز میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ان آخری گاناNow And Then جاری کیا گیا۔ انگلش راک بینڈ دی رولنگ اسٹونز نے Hackney Diamonds ریلیز کیا، جو 2005 کے بعد اصل مواد کا ان کا پہلا البم ہے،میڈونا کو ایک سنگین بیکٹیریل انفیکشن کی وجہ سے انتہائی نگہداشت کے اسپتال میں داخل ہونے کے بعد اپنے کیریئر کے طویل دورے کا آغاز ملتوی کرنے پر مجبور کیا گیا۔ برٹنی سپیئرز نے اپنی یادداشت جاری کی جس میں اس نے کہا کہ اس نے ساتھی پاپ اسٹار جسٹن ٹمبرلیک کے حمل کو ختم کرنے کے لیے اسقاط حمل کرایا تھا جب دونوں ڈیٹننگ کر رہے تھے۔ 

اداکار کیون اور گیوینتھ پیلٹرو اور گلوکار ایڈ شیران ان مشہور ناموں میں شامل تھے جوہائی پروفائل مقدمات میں شامل تھے۔ نیو میکسیکو کے استغاثہ نے کہا کہ وہ 2021 میں رسٹ سینماٹوگرافر ہالینا ہچنس کی مہلک شوٹنگ کے لئے اداکار ایلک بالڈون کو غیر ارادی قتل میں دوبارہ چارج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ 

میوزک سپر اسٹارز ٹیلر سوئفٹ اور بیونس نے اپنے انتہائی کامیاب کنسرٹ ٹور کا آغاز کیا، ایک اندازے کے مطابق 126 ملین ڈالر سے زیادہ کا کاروبار کیا۔ آسکر جیتنے والے رابرٹ ڈی نیرو اور ال پیکینو بالترتیب 79 اور 83 سال کی عمر میں دوبارہ باپ بن گئے۔ مشہور نام ٹینا ٹرنر، لیزا میری پریسلی، ہیری بیلفونٹے، میتھیو پیری، ٹام سائزمور، جولین سینڈز، جیف بیک، جین برکن، ٹونی بینیٹ، سینیڈ او کونر اور مائیکل گیمبون ان ستاروں میں شامل جو سال کے دوران فوت ہوئے۔