کراچی (اسٹاف رپورٹر /جنگ نیوز) آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان وکٹ کیپر محمد رضوان کے خلاف ٹی وی امپائر کا فیصلہ دنیا بھر بحث کا سبب بن گیا ۔ کئی ایک نے اسے متنازع قرار دیا ہے۔ رضوان کو فیلڈ امپائر نے آؤٹ نہیں دیا تھا،ریویو پر تھرڈ امپائر النگورتھ نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔ اسٹیڈیم میں موجود18ہزار سے زائد تماشائی بھی حیرت زدہ رہ گئے۔ رضوان فیصلے پر برہم دکھائی دیے ۔ پیٹ کمنز کی گیند ان کے بازو سے ٹکرا کر وکٹ کیپر کے پاس گئی تھی۔ریویو پر کئی زاویوں سے باریکی سے جائزہ لینے کے بعد تھرڈ امپائر رچرڈ النگ ورتھ انہیں میدان سے جانے کا آرڈر دیا، وہ اس وقت35رنز پر کھیل رہے تھے۔ اس کی قیمت پاکستان کو اس میچ میں چکانی پڑی۔یہ وہ موقع تھا جب پاکستان کو98رنز درکار تھے اور ابھی اس کی پانچ وکٹیں باقی تھیں۔ یہ فیصلہ کمنٹری باکس میں بیٹھے سابق آسٹریلین وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ کیلئے بھی اچنبھے کا باعث تھا۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان ٹیم کے کسی میچ کے بعد تھرڈ امپائر کے فیصلے پر سوال اٹھا ہو۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دوران بھی تھرڈ امپائر ایک فیصلے کے نتیجے میں پاکستان میچ ہار گیا تھا۔