اسلام آباد/لاہور (نمائندگان جنگ) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو بلے کا نشان واپس کرنے کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔الیکشن کمیشن پشاور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کرے گا۔ادھر لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا ۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو ہدایات لیکر آج پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کیا ہے‘ اگرنہیں کیا تو پھر الیکشن کمیشن کو پارٹی فہرست اپلوڈ کرنی چاہیے ‘ایسا نہیں ہوسکتا کہ الیکشن کمیشن کوئی فیصلہ بھی نہ کرے اور فیصلے پر عملدرآمد بھی نہ کرے‘ دریں اثناءالیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے تناظر میں مخصوص نشستوں کے شیڈول میں تبدیلی کا اعلامیہ جاری کر دیا۔