کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدرآصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد ایم کیوایم کے سینئر رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شامل ہوگئے‘ا س موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا چارٹر آف کراچی شہر قائد کے مستقبل پر دوررس اثرات مرتب کرے گا‘ہم کراچی والوں کے ساتھ مل کر شہر کی ان روشنیوں کو بحال کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں جنہیں امن کے دشمنوں اور نفرت کے سوداگروں نے چھین لیا تھا‘ زرداری نے کراچی کے مستقبل کو دبئی سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا سے کراچی میں سرمایہ کاری آئے اور کراچی دبئی کی طرز پر ایک ایسا معاشی حب بنے جس سے نہ صرف پاکستان کو بلکہ اہم جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو بھی اس شہر سے فائدہ ہو۔