• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیل ملز کی 1500 ایکڑ زمین چین کو دینے کا منصوبہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر تجارت، صنعت و سرمایہ کاری بورڈ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ اسٹیل ملزکی 1500ایکڑ زمین انڈسٹریل پارک کیلئے مختص کی گئی اور اس کی ترقی سی پیک کے تحت چینی حکام کو تفویض کی گئی تھی۔

 وفاقی حکومت نے اپنے صنعتی یونٹس قائم کرنے کیلئے اسے چینی حکام کے حوالے کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ یہ بات انھوں نےوزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے دوران بتائی .

سرکاری اعلامیہ کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر اور وفاقی وزیر تجارت، صنعت و سرمایہ کاری بورڈ گوہر اعجاز خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں کراچی میں مزید صنعتی پارکس کے قیام کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صنعت کاری ہی معیشت کو ترقی دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا واحد حل ہے اور یقیناً اس سے خوشحالی و ترقی کے نئے راستے کھلتے ہیں۔

 اجلاس میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم، وفاقی سیکرٹری تجارت صالح فاروقی، سیکرٹری وفاقی تجارت، صنعت و سرمایہ کاری بورڈ سہیل راجپوت اور دیگر نے شرکت کی۔

اہم خبریں سے مزید