لاہور (نیوز ایجنسی، مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ خاندان کی طرح ہے، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز نے ملک کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ سب ملکر ایک ٹیم کی طرح ملک کو مشکلات سے نکالیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ اجلاس سے خطاب کرتے کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز نے ہمیشہ لبیک کہا، مریم اور حمزہ نے نوجوانوں کو منظم رکھا، اتحادی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، شہباز شریف نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا، جتنے بھی ترقیاتی کام ہمارے دور میں ہوئے ان میں شہباز شریف نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ اگر اللّٰہ تعالیٰ ہمیں کامیاب کیا تو وزیراعظم نواز شریف ہونگے میں ایک ورکر کے طور پر آپ کے ساتھ کام کروں گا میری سیاست آپ کے ساتھ شروع ہوئی تھی اور آپ کیساتھ ہی ختم ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نواز شریف کی وجہ سے ہی سیاست کے میدان میں آیا نواز شریف نے پنجاب کی اور پورے پاکستان کے عوام کی بہت خدمت کی ہے نواز شریف کی سپورٹ کے بغیر میں کچھ نہیں کرسکتا تھا۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا کہ ن لیگ کی خدمات کو نکال دیں تو ملک میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا۔ مریم نواز نے کہا کہ شہبازشریف، خواجہ سعد رفیق کے بعد کچھ کہنا نہیں بنتا، اپنے انکل کے الفاظ پر ان کی بہت شکر گزار ہوں، کسی بھی عہدے سے زیادہ انکل کے الفاظ میرے لئے اثاثہ ہیں۔
پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خواجہ سعد رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح مریم نواز اور حمزہ شہباز نے پارٹی کو متحد کیا اس کی مثال نہیں ملتی جب میاں نواز شریف بیرون ملک تھے اور کلثوم آپا دنیا سے رخصت ہوئیں تو اس وقت ان نوجوانوں نے اور میاں شہباز شریف نے پارٹی کو متحد رکھنے کیلئے بہت محنت کی اور تمام مشکلات کا جانشفانی کے ساتھ مقابلہ کیا اور آگے بھی اسی طرح کرتے رہیں گے مریم نواز نوجوانوں کی حقیقی نمائندہ بن کر سامنے آئی ہیں۔
خواجہ آصف نے پارلیمانی بورڈ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ فروری کا سورج مسلم لیگ ( ن ) کی فتح کا سورج لے کا طلوع ہوگا اور میاں نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بن کر ملک اور قوم کی خدمت کرینگے مریم نواز اور حمزہ شہباز پاکستان کی مستقبل کی قیادت ہیں نوجوانوں کی بھاگ دوڑ ان کے پاس ہے اعلیٰ قیادت کی غیر موجودگی میں ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔