کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کےضلع کوئٹہ کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ8 فروری کا سورج پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی نوید لے کر طلوع ہوگا ، 8 فروری کو عوام بلوچستان و پاکستان کی ترقی کے لئے شیر کو ووٹ دیں گے،بلوچستان اور پاکستان کی ترقی میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا وژن ہے ۔ ضلع کوئٹہ میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی کیونکہ کوئٹہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا گڑھ اور اس کا ہر کارکن پارٹی کا اثاثہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے صدر ارباب اقبال کاسی، جنرل سیکرٹری جاوید اعوان نے پی بی42کے امیدوار زرک مندوخیل کے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع کوئٹہ کی کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ 8فروری پاکستان مسلم لیگ (ن) کی فتح کا دن ہوگا‘ عوام کی طاقت سے مرکز سمیت تمام صوبوں میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ ہم اپنے قائد میاں نوازشریف کی قیادت میں ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں سے رکا تھا۔ مسلم لیگ (ن) بلوچستان سمیت ملک بھر میں عوا م کا اعتماد حاصل کرچکی ہےکیونکہ ن لیگ ہی عوام کی حقیقی جماعت ہے۔آئندہ دور مسلم لیگ (ن) کا ہے ،عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت نے ہر دور میں عوام کی بلاامتیاز خدمت کی اور ملک کو مضبوط بنایا ۔انہوں نے بلوچستان بھر میں تمام امیدواروں جنہیں پارٹی ٹکٹ ملا کو ضلع کوئٹہ کی جانب سے مبارکباد دی۔