کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ ہی حقیقی کرکٹ ہے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کو تیار ہوں۔ خواہش ہے کہ نئے سال میں پاکستان ٹی20 ورلڈکپ جیتے اور اس میں میری پرفارمنس کا اہم کردار ہو ،ابھی مزید آٹھ، دس سال تک کھیل سکتا ہوں۔ پیر کو لاہور میں قومی کیمپ میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے جنگ میں شائع خبر کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کوچ اور ٹیم کے کپتان نے ون ڈاؤن یا ٹو ڈاون کھیلنے کی ہدایت کی ہے جو کہ بطور اوپنر ان کے معمول کے کردار سے الگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ ٹیم میں ایک جگہ کیلئے چھ کھلاڑی دستیاب ہیں، میں نے ہمیشہ اوپننگ کی ہے لیکن حالات کے مطابق مجھے ون ڈاؤن یا ٹو ڈاون کھیلنے کی ہدایت کی گئی ہے ، بابر اور رضوان اوپنرز کے طور پر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ کوشش ہوگی کہ نئے سال کی پہلی سیریز میں زبردست کارکردگی دکھاؤں ۔ ٹیم انتظامیہ کے پلان کے مطابق جہاں کہا جائے گا کھیلنے کو تیار ہوں۔ بابر اعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں امید ہے وہ اگلے ٹیسٹ میں اچھا پرفارم کریں گے، اچھا برا وقت ہر کھلاڑی پر آتا ہے بابر بھی کم بیک کریں گے، فارم کا آنا اور جانا کھیل کا حصہ ہے، بابر کا قصور یہ ہے کہ اس نے ہمیں سنچریوں کا عادی بنا دیا ہے اس لیے ہم ہر میچ میں انہیںسنچری کرتا ہی دیکھنا چاہتے ہیں۔ شاہین کو ٹی20 کا کپتان مقرر کیے جانے کے حوالے سے سوال پر بائیں ہاتھ کے جارح مزاج بیٹر کا موقف تھا کہ بابر اعظم نے بھی اچھی کپتانی کرکے ٹیم کو کامیابی دلانے کی کوشش کی لیکن اب شاہین کو موقع ملے گا، تو وہ بھی بہتر فیصلے کریں گے۔ پی ایس ایل اور انٹرنیشنل سطح پر کپتانی میں فرق ہوتا ہے، شاہین شاہ آفریدی میں کپتانی کی صلاحیت ہے لہٰذا اب دیکھتے ہیں کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں خود کو کس طرح منواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے اچھی تیاری کر رہے ہیں، ہائی پرفارمنس کوچ یاسر عرفات ساری دنیا میں کرکٹ کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں اور وہ اچھی چیزیں بتا رہے ہیں۔ ہر لڑکے کی خامیوں کو دور کرکے پرفارمنس میں نکھار لانے کے گر سکھا رہے ہیں۔