کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے پیر کوسڈنی میں پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف اورچیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے بھی شرکت کی۔ آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری اور آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے حکام بھی موجود تھے۔ آسٹریلوی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے خاص کر میلبرن ٹیسٹ میں۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مثالی رویے کی بھی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سڈنی ٹیسٹ میں بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنا انتہائی خوشی کی بات ہے ، آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات رہے ہیں اور توقع ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہوگا، پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس دورے میں مثالی اسپرٹ کا مظاہرہ کیا، شان مسعود اپنے ملک کیلئے ایک مثالی سفیر ثابت ہوئے ہیں ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے آسٹریلوی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سیریز میں دونوں ٹیمیں مثبت کرکٹ کھیل رہی ہیں۔ اس طرح کے دورے ہمیں نہ صرف کھیل بلکہ اپنے طرز عمل کے ذریعے ملک کے سفیر کا کردار ادا کرنے کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ امید ہے پاکستان ٹیم سڈنی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔