کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ سابقہ دور میں کہا جاتا کہ فٹنس کے بارے میں سوچنا بھی منع ہے ۔ لیکن ہم فٹنس پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ، فٹنس ٹیسٹ دوبارہ شروع کررہے ہیں۔ ڈومیسٹک کے پرفارمرز کو موقع دیا ہے چوں کہ اوپنرز بہت سارے ہیں اس لئے ہم مختلف کھلاڑیوں کو مختلف پوزیشن پر کھلائیں گے۔ ماضی میں پی ایس ایل کی کارکردگی پر کھلاڑی ٹیسٹ میچ کھیل جاتے تھے لیکن اب فرسٹ کلاس کرکٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ غیر ملکی لیگز کی پالیسی بھی بن گئی ہے ، کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کو دیکھا جائے گا۔ منگل کو جیو نیوز کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان چار سال سے پاکستانی بیٹنگ کا ستون ہیں لیکن نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کے لئے کسی بھی کھلاڑی کی پوزیشن تبدیل ہوسکتی ہے۔اعظم خان اپنی فٹنس پر کام کررہے ہیں۔ اعظم وکٹ کیپر کی حیثیت سے کھیلیں گے ، حسیب اللہ کو مڈل آرڈر میں موقع دیا جائے گا۔ محمد عباس سے بات ہوئی ہے وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اچھی بولنگ کررہے ہیں ان کے ساتھ عامر خان اور کچھ نئے بولرز کو کیمپ میں بلایا ہے کسی کھلاڑی کے ساتھ نا انصافی نہیں کی جائے گی۔