• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لگتا ہے کچھ ہتھکنڈے استعمال ہورہے ہیں تاکہ انتخابات نہ ہوں، چیف جسٹس

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 91 کوہاٹ کے ریٹرننگ افسر کو تبدیل کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن بحال کردیا ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے کچھ ہتھکنڈے استعمال ہورہے ہیں تاکہ انتخابات نہ ہوں، تعجب ہے عدالتیں الیکشن کمیشن کا موقف سنے بغیر ہی رد کرکے فیصلے دے دیتی ہیں۔ 

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ریٹرننگ افسر کی تبدیلی کا نوٹی فکیشن معطل کرنے کا پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کرکے قرار دیا ہے کہ جب ریٹرننگ افسر کے خلاف کوئی اعتراض نہیں تھا تو الیکشن کمیشن کا موقف سنے بغیر ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے اجراء سے حلقہ میں انتخابی عمل متاثر ہوگا۔

چیف جسٹس نے ہائی کورٹ کے فیصلے پر سول اٹھاتے ہوئے ریما رکس دیے کہ اس طرح کے آرڈر کیسے جاری ہوجاتے ہیں؟ انہوں نے کہا مجھے تو لگتا ہے کہ ہتھکنڈے استعمال ہورہے ہیں تاکہ اس سال انتخابات منعقد نہ ہو سکیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ تعجب ہے عدالتیں الیکشن کمیشن کا موقف سنے بغیر ہی ٹھک کرکے فیصلے دے دیتی ہیں؟ کیا چاہتے ہیں کہ انتخابات رک جائیں؟ 

دوران سماعت الیکشن کمیشن کی جانب سے افنان کریم کنڈی اور ڈی جی لاء پیش ہوئے جبکہ ہائی کورٹ میں درخواست گزار داؤد شاہ کے وکیل پشاور رجسٹری سے ویڈیو لنک پر پیش ہوئے۔

اہم خبریں سے مزید