لاہور (ایجنسیاں) لاہور کےحلقہ این اے 127 سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات مسترد ‘منظوری کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے حلقہ این اے 132 سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل دائر کردی گئی جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے دو حلقوں کے لیے شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف ان کی اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی۔ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس مرزا وقاص رؤف نے این اے 56 اور57 کے آر اوز کو نوٹسز جاری کردیے۔ایپلٹ ٹریبونل میں شیخ رشید کی اپیل پر سماعت 4 جنوری کو ہوگی۔تفصیلات کے مطابق حلقے این اے 127 سے بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیاجس میں کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ متعلقہ فورم پر رجوع کرے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 2 سیاسی جماعتوں سے وابستگی کے معاملہ پر الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے۔