اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) وزیر خارجہ پاکستان جلیل عباس جیلانی نے جمعرات کو برادر ہمسایہ ملک ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبدو لیحان کو ٹیلیفون کیا اور کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کو دہشتگردی کی مشترکہ تھریٹ کا سامنا ہےاُن سے کرمان میں گزشتہ روز بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے ایک سو سے زائد شہداء اور کم و بیش 200 سے زائد زخمیوں کے لواحقین‘ ایرانی وزارت خارجہ اور ایرانی حکومت سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنی طرف سے‘ پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے اس افسوسناک سانحہ پر ایران کے عوام‘ لواحقین اور حکومت کے ساتھ گہری یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نےکرمان میں بم دھماکوں کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں برادر ملکوں کو دہشت گردی کا سامنا ہے جس کا قلع قمع کرنے کیلئے موثر اقدامات کرنا ہونگے۔