اسلام آباد(رپورٹ:حنیف خالد)برصغیر پر چھائی سپر فوگ نے اٹلی‘ چین‘ کیلیفورنیا کی دھند کو مات دیدی شدید دھند نے طیاروں کی پروازوں‘ ریل گاڑیوں‘ روڈ ٹرانسپورٹ کو بری طرح متاثر کر دیا نیشنل ویدر فور کاسٹنگ سنٹر اسلام آباد کے مطابق جمعرات رات 11بجے سے آج جمعہ کی صبح 10بجے تک وفاقی دارالحکومت اور گردو نواح میں شدید دھند چھائی رہے گی۔ اس حوالے سے جب ہمسایہ ممالک کے موسمیات کے محکموں کی رائے دیکھی گئی تو بتایا گیا کہ پاکستان سے بھارتی ریاست تری پورہ تک 2ہزار کلومیٹر طویل برصغیر جنوبی ایشیائی ممالک بنگلہ دیش‘ نیپال‘ انڈیا‘ پاکستان پر (Super Fog) دھند کی گہری تہہ سپر فوگ کی تہہ چھائی ہوئی ہے جو مغرب میں پاکستان‘ بھارت میں دریائے گنگا کے میدانوں سے لیکر تری پورہ‘ اگرتلہ‘ یوپی‘ بہار تک اسکی لپیٹ میں ہیں۔ دن کے وقت سورج ان علاقوں میں بہت کم دکھائی دیتا ہے۔ کرسمس والے دن سے گہری دھند یہاں موجود ہے۔ ایسی دھند وسطی چائنا‘ اٹلی‘ کیلیفورنیا کی وادی والی دھند سے بھی بڑی ہے۔ اس سے پاکستان کے اہم ہوائی اڈے پشاور‘ اسلام آباد‘ سیالکوٹ‘ لاہور‘ فیصل آباد متاثر ہوئے ہیں۔