کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ٹکٹوں کی تقسیم میں لاہور سے اپنے ہی بڑے بڑے سیاسی رہنماؤں کو ہٹا لیا ، سردار ایاز صادق سمیت مزید اہم رہنماؤں کو پارٹی ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
باوثوق ذرائع نے بتایا کہ لاہورسے قومی اسمبلی کی 14 میں سے 12 نشستوں پر امیدواروں کے ناموں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے جبکہ این اے۔117 میں استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے امیدوار شارٹ لسٹ نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سردار ایاز صادق، رانا مشہود، میاں مرغوب احمد اور رانا مبشر قومی اسمبلی کی ٹکٹوں سے محروم ہو گئے۔ اس کے علاوہ علی پرویز ملک، سردار نصیر بھٹہ اور وحید عالم خان بھی پارٹی قیادت کو قائل کرنے میں ناکام رہے۔
مسلم لیگ(ن) نے سردار ایاز صادق اور رانا مبشر کو ضمنی انتخابات میں ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو سینٹ کے ٹکٹ کی بھی پیشکش کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ این اے۔117 سے استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان اور مسلم لیگ(ن) کے ملک ریاض میں سے کسی ایک امیدوار کا فیصلہ ہو گا جبکہ این اے۔118 سے حمزہ شہباز کا نام شارت لسٹ کیا گیا ہے۔