اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) وفاقی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے جمعرات کو پاکستانی سفیروں کی کانفرنس میں شرکت کیلئے آنیوالے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا پاکستانی سفراء کے ساتھ خیرمقدم کیا۔ سفیروں کی کانفرنس کل اختتام پذیر ہو گی۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے دنیا کے سوا سو سے زائد ممالک میں سے 20اہم ملکوں میں تعینات پاکستانی سفیروں کا تعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا‘ برطانیہ‘ روس‘ چین‘ انڈیا‘ ازبکستان‘ ترکیہ‘ ایران‘ سعودی عرب‘ متحدہ عرب امارات‘ قطر‘ افغانستان‘ ملائیشیاء‘ انڈونیشیاء میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور سفراء کو اس اہم سفیروں کی کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے۔ امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان‘ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم‘ افغانستان کیلئے پاکستان کے خصوصی نمائندے آصف درانی‘ جنیوا میں پاکستان میں مستقل مندوب سمیت ویانا‘ آسٹریا میں پاکستان کے خصوصی نمائندے‘ نیدر لینڈ کے دارالحکومت ٹی ہیگ کے سفیروں سے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ‘ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کے ہمراہ گھل مل گئے‘ اُن سے خوشگوار موڈ میں گفتگو کرتے رہے۔