کراچی (اسٹاف رپورٹر ) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا ہے، نواز لیگ کو بھی کراچی سے کوئی سرو کار نہیں ہے، نواز لیگ اور پیپلز پارٹی جمہوری پارٹیاں نہیں بلکہ پراپرٹیز اور فیملی انٹر پرائزر ہیں، ان سے نجات حاصل کیے بغیر نہ عوام کے مسائل حل ہوں گے اور نہ ہی اہل کراچی کو ان کا جائز اور قانونی حق مل سکے گا، صرف جماعت اسلامی جمہوری جماعت ہے، عام انتخابات میں عوام کے پاس جماعت اسلامی سے بہتر کوئی آپشن نہیں، جماعت اسلامی کراچی کے ہر شہری اور ہر زبان بولنے والوں اور ہر مسلک سے وابستہ لوگوں کی جماعت ہے،8فروری کو بھی اہل کراچی جماعت اسلامی کو بلدیاتی انتخابات سے بڑھ کر مینڈیٹ دیں گے،آئندہ کی حکمت ِ عملی و انتخابی مہم کے حوالے سے7جنوری کو نیو ایم اے جناح روڈ پر ورکرز کنونشن منعقد ہو گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی (حلقہ خواتین) ضلع شرقی کے تحت مقامی بینکوئٹ میں ”میڈیا انفلونسرز میٹ اپ“ کی خواتین شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، تقریب سے جماعت اسلامی سوشل میڈیا کے انچارج سلمان شیخ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ضلع شرقی کے ذمہ دار علی محمد،ناظمہ کراچی جاوداں فہیم،نائب ناظمات کراچی فرح عمران، سمیہ عاصم، ناظمہ ضلع شرقی ندیمہ تسنیم،نگراں سوشل میڈیا کراچی شبانہ نعیم و دیگر بھی موجود تھے، حافظ نعیم الرحمن نے شرکاء پر زور دیا کہ سوشل میڈیا کو بھر پور اور موثر منصوبہ بندی کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم کا حصہ بنائیں اور ہر ووٹر سے رابطے کو بھی یقینی بنایا جائے۔