• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیشی عام انتخابات: بھارت شیخ حسینہ واجد کے دوبارہ انتخاب کا خواہاں

اسلام آباد( جنگ نیوز) بنگلہ دیش میں 7 جنوری کو انتخابات ہونیوالے ہیں اوربھارتی اخبار کے مطابق ان میں بھارت کا بہت کچھ دائو پر لگاہواہے۔ بھارت موجودہ وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے دوبارہ انتخاب کا خواہاں ہے جو 1996اور 2001میں وزیراعظم رہیں اور 2009میں اپنے دوبارہ انتخاب کے بعد سے مسلسل منتخب ہوتی آرہی ہیں اور چوتھی مرتبہ17کروڑ آبادی کے اس ملک میں وزیراعظم بننے کی امیدوار ہیں۔ بھارت عوامی لیگ کی جیت کا خواہاں ہے اور بھارت کا بہت کچھ دائو پرلگا ہوا۔ بنگلہ دیش کی بھارت کے ساتھ تین اطراف سے سرحد ہے۔ 1971میں پاکستانی فوج سے اس کی آزادی کے بعد سے لوگوں نے آسام میزورام اور مغربی بنگال جیسی ریاستوں میں ہجرت کر رکھی ہے۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں مشترکہ تاریخ، ثقافت، سماجی اسٹرکچر اور معاشی نقطہ نظر موجود رہا ہے اور بھارت کی شمالی مشرقی ریاستوں کی سیکورٹی کے حوالےسے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی برقرار ی بہت اہم ہے۔ جوں جوں بنگلہ دیشی انتخابات قریب آرہے ہیں وہیں بھارت کی جانب سے یہ اشارے بھی آرہے ہین کہ بھارت موجودہ حکومت کو اسپورٹ کرتا ہے۔بنگلہ دیشی انتخابات میں عموماً تشدد اور احتجاج دیکھنے میں آتاہے اس کےعلاوہ دھاندلی کے الزامات بھی لگتے ہیں۔ اس کے 11 انتخابات میں سے صرف 4 ایسے ہیں جنہیں شفاف اور جائز تصور کیاجاتا ہے ۔ عوامی لیگ کی بڑی مخالف بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیا جیل میں ہیں اور انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ انتخابات کی نگرانی کےلیے غیرجانبدار حکومت بنائی جائے لیکن حسینہ واجد نے اسے ماننے سے انکار کردیا ہےاور ا س کے بعد بی این پی نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید