کراچی (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے ہفتے کے روز کابینہ میں ردوبدل کا اعلان کیا ہے،شیخ مکتوم بن محمد نائب وزیراعظم برائے مالی واقتصادی امور مقرر، سلطان النیادی کو متحدہ عرب امارات میں نوجوانوں کے وزیر مملکت مقرر کردیا گیا ہے ، ڈاکٹر آمنہ بنت عبداللہ الضحاک الشمسی کو وزیر ماحولیات اور وزرا کونسل کا رکن مقرر کیا گیا ہے، مریم حریب المحیری کو وزارت ماحولیات میں اپنی مؤثر کارکردگی کے بعد صدارتی عدالت میں بین الاقوامی امور کے دفتر کی سربراہ بھی مقرر کیا گیا ہے، محمد بن مبارک فاضل المزروعی کو وزیر مملکت برائے دفاعی امور اور وزرا کونسل کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ ان تبدیلیوں کا اعلان متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔ انہوں نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ میرے بھائی، صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی منظوری اور ان کے ساتھ مشاورت کے بعد، ہمیں متحدہ عرب امارات کی حکومت میں وزارتی تبدیلیوں کے سلسلے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ کابینہ میں ردوبدل کے اہم فیصلے میں شیخ مکتوم بن محمد بن راشد المکتوم کو نائب وزیر اعظم برائے مالیاتی اور اقتصادی امور مقرر کیا گیا ہے ، جو وفاقی حکومت میں اس اہم شعبے کی نگرانی کر رہے ہیں۔