اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ڈی 14میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے زخمی ہونیوالا 30 سالہ چینی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا ۔پولیس نے مقتول کے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہلیہ کے حوالے کر دی جو اسے اپنے والدین کی رہائش گاہ خیابانِ سر سیدلے گئی جہاں نمازِ جنازہ کے بعد مقتول کو سپردِ خاک کر دیا گیا ۔مقتول نے پاکستانی خاتون سے شادی کی تھی اور ڈی14 میں رہائش پذیر تھا۔ وقوعہ کی ایف آئی آر کے مطابق 6 جنوری کو 4 مسلح ڈاکو علی الصبح ہارون نامی چینی شہری کے گھر میں داخل ہوئے۔ دوران مزاحمت ڈاکوؤں نے ہارون پر فائرنگ کردی اور گولی ان کے پیٹ میں لگی، فائرنگ سے ان کی اہلیہ عظمی بھی زخمی ہوئی تھیں۔مقتول ہارون بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل تھے۔