کراچی ( اسٹاف رپورٹر )بلدیہ ٹاؤن میں ریٹائرڈ پولیس افسر کے گھر لوٹ مار کرنے والے افسر سمیت 5 سی ٹی کے اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔لوٹ مار میں ملوث سی ٹی ڈی انسپکٹر اور 4 اہلکار شامل ہیں۔اس حوالے سے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے سزا سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔سی ٹی ڈی اہلکاروں نے ریٹائرڈ انسپکٹر بشیر حسین کے گھر سعید آباد میں 29 نومبر 2023 کی شب غیر قانونی چھاپا مارا تھا اور گھر سے اسلحہ،نقدی اورطلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوئے تھے جبکہ نوجوان پر تشدد بھی کیا تھا۔واقعہ کا مقدمہ تھانہ سعید آباد میں درج کیا گیا تھا ۔مقدمہ کے بعد سی ٹی ڈی انسپکٹر اور 4 اہلکاروں کے خلاف انکوئری کی گئی تھی،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ کے مطابق غفلت و لاپروائی برتنے پر ملوث اہلکاروں کونوکری سے فارغ کردیا گیا ہے،سزا پانے والوں میں انسپکٹر سرفراز،کانسٹیبل سکندر خان، راجہ عمیر، سعادت مروت اور ہیڈ کانسٹیبل عمران علی شامل ہیں۔