لاہور(نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز)لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل مسترد کردی تاہم اہلیہ قیصرہ الٰہی کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔ لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں قائم الیکشن رٹ پٹیشنز پر فل بنچ نے سماعت کی ۔عدالت نےاین اے 64 ،69 ، پی پی 32 اور 34سےمونس الٰہی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دیدیا۔لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نےحلقہ این اے130سے نواز شریف کے کاغذات منظوری کیخلاف اپیل مسترد کرنے کیخلاف درخواست خارج کردی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ اہلیت پر فیصلہ دے چکی ہے ۔لاہور ہائیکورٹ کے علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نےاین اے 56سے میاں خرم رسول کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل مسترد کر دی۔ این اے 159سےسلمان علی بابا کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے،ریٹرننگ آفیسر نے بتایا کہ ٹیکس ادائیگی کر دی گئی ہے۔ پی پی 290 ڈی جی خان سے سردار محی الدین کھوسہ ،پی پی 40سے امیدوار طارق محمود کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ پی پی 62 سے سہیل احمد خان ، این اے 56سے امیدوار میاں خرم رسول اوراین اے 126سے امیدوار بلاول ایوب اور فیضان خالد بٹ کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے۔