کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئےن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف سے میرا رشتہ ٹکٹ اور عہدہ مانگنے سے بہت بڑا ہے، مریم نواز، شہباز شریف سمیت پوری قیادت نے میری حمایت کی، قیادت نے سب کچھ میرے سامنے رکھ کر کہا کہ آپ خود فیصلہ کریں، مجھے نواز شریف سے رشتہ بہت عزیز ہے، میں نے ایک مرتبہ پھر نواز شریف سے رشتہ نبھایا اور بچایا ہے عہدہ نہیں بچایا،سینئر صحافی و تجزیہ کار محمد مالک نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے لئے زیادہ گڑھے خود کھودے ہیں، تحریک انصاف نے پلیٹ میں رکھ کر اپنا سر دیا ہے۔ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ نواز شریف سے میرا رشتہ ٹکٹ اور عہدہ مانگنے سے بہت بڑا ہے، مریم نواز، شہباز شریف سمیت پوری قیادت نے میری حمایت کی، قیادت نے سب کچھ میرے سامنے رکھ کر کہا کہ آپ خود فیصلہ کریں، مجھے نواز شریف سے رشتہ بہت عزیز ہے، میں نے ایک مرتبہ پھر نواز شریف سے رشتہ نبھایا اور بچایا ہے عہدہ نہیں بچایا، جب نواز شریف کے ساتھ اپنا رشتہ دیکھتا ہوں تو پھر امتحان میں رشتہ نبھانا پڑتا ہے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے مشکل وقت میں ٹکٹ کے بدلے پارٹی کی مشروط حمایت کی تھی، استحکام پاکستان پارٹی نے بھی عمران خان کی فسطائیت سے نجات کیلئے ہمارا ساتھ دیا، اس صورتحال میں ایسے سمجھوتے کرنے پڑے جو ن لیگ کی قیادت کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ہمارے حصے میں ہمیشہ وفاداری نبھانا ہی آیا ہے ایک بار پھر وفاداری نبھائی، میں نے وفاداری نبھاتے ہوئے اس دفعہ نااہلی سے بھی زیادہ بڑی قربانی دی ہے، مجھے لگتا تھا میں یہ قربانی نہیں دے سکوں گا، میں سوچتا رہا کہ سیاست اور ملک سے دور چلا جاؤں گا، حلقے میں لوگ اس طرح دھاڑیں مار کر رورہے تھے جیسے کوئی بہت بڑا نقصان ہوگیا ہے۔