کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) سریاب پولیس نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے لوٹی ہوئی نقدی اور اسلحہ قبضے میں لے لیا جبکہ دو ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔پولیس کے مطابق ایس ایچ او عابد مینگل دیگر عملے سریاب روڈ جام ہاؤس کے قریب معمول کی گشت پر تھے کہ اسی دوران تین ڈاکو دکانوں اور تندور میں لوٹ مار کررہے تھے، پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی ۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو محمد ندا زخمی ہوکر گر گیا جبکہ دو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے پولیس نے زخمی ڈاکو کو گرفتار کرکے لوٹی ہوئی ہزاروں روپے کی نقدی اور ایک ٹی ٹی قبضے میں لے لی جبکہ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے تعاقب جاری ہے۔