این بی پی نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ کے پہلے روز اپ سیٹ ہوگیا۔ حارث طاہر نے نمبر چار سیڈ آفتاب شاہد کو تین کے مقابلے میں چار فریم سے مات دے دی۔ بابر مسیح اور اویس اللّٰہ منیار نے پہلے روز سنچری بریک کھیلے۔
نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس پر شروع ہونے والے ایونٹ کے پہلے روز پنجاب کے حارث طاہر نے نمبر چار سیڈ شاہد آفتاب کو شکست دے کر اپ سیٹ کردیا۔
اُنہوں نے دلچسپ مقابلے کے بعد چار۔تین کے فریم اسکور سے حریف کو زیر کیا۔
ایونٹ کے پہلے روز دو سنچری بریک بھی کھیلے گئے۔ بابر مسیح نے سندھ کے سر بلند خان کے خلاف 102 اور پنجاب کے اویس اللّٰہ منیار نے فرحان نور کے خلاف 114 کا بریک کھیلا۔
ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نوید کپاڈیا کے مطابق پہلے روز کھیلے گئے دیگر مقابلوں میں اسلام آباد کے شان نعمت نے سندھ کے رضوان ہاشمی کو 4-0 سے، نیشنل بینک کے اسجد اقبال نے کے پی کے شاہ خان کو 4-0 سے، پنجاب کے اویس اللّٰہ منیار نے پنجاب ہی کے فرحان نور کو 4-0 اور نیشنل بینک کے محمد آصف نے سندھ کے عبدالستار کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4-3 سے ہرادیا۔
اس کے علاوہ شرجیل محمود، عادل خان، احسن رمضان، نسیم اختر اور محمد سجاد نے فتوحات حاصل کیں۔