اوکاڑہ(ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے بانی تحریک انصاف عمران خان کا نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب فیصلے قانون یا لاءسے ہوں گے مدراِن لا کے فون سے نہیں ‘تماراانتخابی نشان بلا نہیں وہ ڈنڈا تھا جو تم نے ریاست اور غریب عوام کی روٹی پر چلایا ‘ دہشت گرد جماعت کو سیاسی جماعت کا انتخابی نشان نہیں مل سکتا‘نواز شریف اور عوام پر مظالم کا قدرت نے سو موٹو نوٹس لے لیا ہے‘نہ ان کی سہولت کاری رہی نہ وہ سہولت کار رہے‘اللہ نے ان سہولت کاروں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا‘یہ بزدل دم دبا کر جوتیاں چھوڑ کر بھاگے ہیں‘ استعفے پر پر استعفیٰ آ رہا ہے‘ نواز شریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے۔پیرکو اوکاڑہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے بانی پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ کے امپائر بھی پکڑے گئے، جعلسازی بھی پکڑی گئی، سہولت کاری بھی پکڑی گئی‘لاڈلے کو لاڈلے پن اور عدالت سے گڈ ٹو سی یو سننے کی عادت تھی‘ وہ بزدل جوتیاں چھوڑ کر استعفیٰ دے کر بھاگا ہے، قدرت کی لاٹھی بے آواز ہے‘جو نواز شریف کی طرح سچا ہوتا ہے وہ ڈٹ کر کھڑا ہوتا ہے۔جو جتنا بڑا ظالم ہوتا ہے وہ اتنا ہی بڑا بزدل ہوتا ہے‘دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے یہ لوگ فرعون بنے ہوئے تھے، آج ان کی اپنی باریاں آئیں تو یہ جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں ۔لوگوں کو چور چور کہنے والے نے گھڑیاں چوری کیں‘ آج جو کچھ ان کے ساتھ ہو رہا ہے اس کے ذمے دار وہ خود ہیں، شور مچا رہے ہیں کہ انتخابی نشان واپس لے لیا، تمہارا انتخابی نشان وہ گھڑی ہونی چاہیے جو چوری کی ہے، الیکشن کمیشن کو کہہ دیتے ہیں تمہیں ڈنڈے یا پٹرول بم کا نشان دے دے۔ اگر تم سمجھتے ہو کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں فراڈ کر کے بچ سکتے ہو تو ایسا نہیں ہو گا۔مریم نواز نے کہا کہ کہتا تھا کہ نواز شریف کو امپائر ساتھ ملا کر کھیلنے کی عادت ہے، نواز شریف کے امپائر یہ عوام ہیں‘ ہمارے دل میں انتقام کا جذبہ نہیں۔