کراچی(نیوزڈیسک) ایران نے عراق اور شام میں اسرائیلی انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرز اور داعش کے ٹھکانوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کردیئے ، عراق میں حملے میں 4افراد ہلاک اور 6زخمی ہوگئے .
ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہےکہ انہوں نے عراقی کردستان میں قائم اسرائیل کے انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز پر بیلسٹک میزائل داغے ۔
عراقی حکومت نے ایران کی کارروائی کو جارحیت قرار دیتے ہوئے تہران سے اپنے سفیر کو مشاورت کیلئے واپس بلالیا ہے ، بغداد حکومت نے اس حملے شدید مذمت کی اور کہا کہ ایران نے رہائشی علاقے میں حملے کئے جس میں عام شہری مارے گئے۔
عراقی حکومت نے حملے کو ملکی خودمختاری اور اپنے شہریوں کی سلامتی پر حملہ قرار دیا ہے۔
عراقی حکومت نے کہا ہےکہ ایران کے اس حملے پر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں شکایت سمیت مختلف آپشنز پر غور کررہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریجنل سکیورٹی کونسل کا کہنا ہےکہ کردستان ریجن کے علاقے اریبل میں منگل کی صبح 8دھماکے سنے گئے جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 6زخمی ہوئے ہیں۔