لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی 90کی دہائی کا ڈرامہ پیش کررہی ہیں، حقیقت میں یہ دونوں ایک ہیں، شام کو ایک ہوجاتی ہیں، قوم خاندانوں کی سیاست سے بیزار ہوچکی، اداروں نے انہیں اس دفعہ بھی مسلط کیا تو عوام تسلیم نہیں کریں گے۔ جماعت اسلامی فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کررہی ہے، 8فروری کو کامیاب ہوکر اسلامی نظام نافذ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے فورٹ عباس میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے چوتھی باری کے خواہش مند ہیں، اب باریوں کا دور چلا گیا، پیپلزپارٹی نے سندھ پر متواتر پندرہ برس حکومت کی، ن لیگ گزشتہ تین دہائیوں سے اقتدار میں ہے، عوام کو اپنی کارکردگی بتائیں۔ دریں اثنا ء این اے 123 اور این اے 128 سے قومی اسمبلی کے امیدوار لیاقت بلوچ نے کہا آئین کے مطابق تمام ادارے اپنا کام کرے، اِس سے وقار، اعتماد اور سب کی عزت بحال ہوگی۔ پی پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے پاس اپنے حکومتی ادوار کی پرفارمنس کے اظہار کے لیے کچھ نہیں۔نائب امیر و سیکرٹری مرکزی الیکشن سیل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ الیکشن سے چند دن قبل پنجاب کے الیکشن کمشنر کو بلوچستان اور بلوچستان کے الیکشن کمشنر کو تبدیل کر کے پنجاب میں تعینات کرنا، انتخابات کی شفافیت اور غیرنبداری پر ایک سوالیہ نشان ہے، یہ تبدیلیاں غیر مناسب ہیں۔